مایا تہذیب

Thursday, November 24, 2005
posted by Noumaan

مایا تہذیب ایک قدیم میسوامیریکن تہذیب ہے جو شمال وسطی امریکہ میں پھیلی ہوئی تھی۔ اس علاقے میں آجکل میکسیکو، ہنڈارس، بیلیز اور گوئٹے مالا کی ریاستیں موجود ہیں۔ (تصویر نمبر ایک)

مایا تہذیب کے جو آثار ملے ہیں، یا ایسے آثار جنہیں مایا تہذیب سے موسوم کیا جاتا ہے وہ ایک ہزار قبل مسیح تک پائے گئے ہیں۔ جیسا کہ ہم پچھلی پوسٹ میں ذکر کرچکے ہیں کہ امریکا میں انسان بہت پہلے آچکا تھا۔ میسوامیریکن علاقے میں قدیم ترین انسانی موجودگی کے شواہد دس ہزار سال قبل مسیح تک اشارہ کرتے ہیں۔ لیکن مایا تہذیب کا آغاز ایک ہزار سال قبل مسیح کے آس پاس ہوا۔ زیادہ مضبوط شواہد چھ سو قبل مسیح کو مایا تہذیب کے عروج کا نقطہ آغاز بتاتے ہیں۔ اس دور میں ابتدائی مایا تعمیرات کے آثار ملے ہیں۔ لیکن یقینا مایا تہذیب اس سے بہت پہلے شروع ہوئی اور ان کے معاشرتی تمدن کی رفتار خاصی تیز رہی اور چار سو سال میں انہوں نے قابل ذکر ترقی کی۔

مایا تہذیب کا دوسرا دور دو سو پچاس عیسویں سے نو سو عیسویں تک پھیلا ہوا ہے۔ جس دوران انہوں نے بڑے علاقوں میں شہری تعمیرات کی۔ اسی دور میں انہوں نے یادگاری تحریریں چھوڑیں اور اسی دور میں انہوں نے اپنی تہذیب اور تمدن کو باقاعدہ ریکارڈ کیا۔ لیکن پھر اچانک وہ سب کچھ یوں ہی چھوڑ کر کہیں چلے گئے۔ کہاں اس بارے میں تو کچھ کہا جاسکتا ہے مگر کیوں؟ اس بارے میں ابھی بھی بحث جاری ہے۔ مایا قوم کا ترقیاتی سفر اس دور کے بعد بھی جاری رہا اور ان کی تعمیرات اور تمدنی اثرات پورے یوٹکاں پر پھیلے ہوئے ہیں۔ ان کی تہذیبی اور ثقافتی برتری نے اردگرد کی دیگر میسوامیریکن اقوام کو بھی متاثر کیا۔ لیکن ان اثرات کے پھیلنے کی وجہ تجارت اور کلچر رہی ہیں مایا قوم نے دیگر اقوام کو بزور طاقت فتح کرنے کی کوئی قابل ذکر سعی نہیں کی۔

یہ سلسلہ یونہی چلتا رہا حتی کہ ہسپانوی نوآبادکار ان علاقوں میں پہنچی اور مایا تہذیب کو بزور طاقت زوال پذیر ہونے پر مجبور کیا گیا۔ مایا اقوام کے صحائف ڈھونڈ ڈھونڈ کر جلائے گئے، ان کی تعمیرات کو نقصان پہنچایا گیا اور ان کی زبان اور مذہبی رسومات کو شیطانی قرار دے دیا گیا۔

مایا تہذیب زوال پذیر ہوئی مگر مایا لوگ آج بھی میسو امریکن علاقوں میں موجود ہیں۔ ان میں سے بہت سارے لوگ ابھی بھی مایا مذہب کی بہت سی رسومات پر عمل کرتے ہیں گرچہ ان میں سے زیادہ تر لوگ رومن کیتھولک مذہب اختیار کرچکے ہیں۔ آج بھی ایسے مایا لوگ موجود ہیں جو کوئی نہ کوئی مایا زبان بولتے ہیں۔

مایا تہذیب علاقے کی دیگر اقوام سے یوں ممتاز تھی کہ انہوں نے بہت پہلے لکھنا سیکھ لیا تھا۔ ان کا اپنا طرز تحریر تھا۔ اس کے علاوہ ریاضی میں بھی ان کی ترقی حیرت انگیز تھی نہ صرف یہ کہ انہوں نے نمبروں کو لکھنا سیکھ لیا تھا بلکہ یہ صفر کے استعمال سے بھی واقف تھے (دیکھئیے تصویر نمبر دو)۔ فلکیات، طبیعیات، جراحت اور ذراعت میں ان کی ترقی حیران کن اسلئیے بھی تھی کیونکہ ان کا پرانی دنیا سے کوئی تعلق نہیں تھا جہاں ان میدانوں میں اسی دور میں کام جاری تھا۔

میری اگلی پوسٹ میں مایا تہذیب کی آرٹ، آرکیٹیکچر، ذراعت اور فلکیات کے میدانوں میں کوششوں کا ایک مختصر جائزہ پیش کیا جائے گا۔ ہم ان قیاس آرائیوں پر بھی بات کریں گے جو اس بات پر بحث کرتی ہیں کہ مایا قوم اپنے بسے بسائے شہر چھوڑ کر اچانک کیوں چلے گئے۔

تصویر نمبر ایک:


تصویر نمبر دو:


مزید معلومات کے لئیے ویکیپیڈیا پر مایا ذرائع دیکھیں خصوصا بیرونی لنکس پر کلک کریں وہاں بہت ساری تصاویر بھی ہیں جن مایا تہذیب کے بنائے ہوئے مندر اور اہراموں کی تصاویر بھی ہیں۔

0تبصرہ جات

Post a Comment

سرورق ^^