بلاگر پر کیٹیگریز

Wednesday, November 30, 2005
posted by Noumaan

آخر کار ہم اپنے بلاگ پر کیٹیگریز شامل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ کام ہم نے ڈیلیشیئس کے ذریعے انجام دیا۔ گرچہ ایسا کرنے سے اب ہمیں اپنی ہر پوسٹ کو لکھنے کے بعد اس کو کیٹیگرائز کرنا پڑے گا لیکن ڈیلیشئس کے براؤسر بٹنوں سے یہ کام بھی اتنا مشکل نہیں۔ ڈیلیشیئس کو یہاں شامل کرتے ہوئے ہمیں چند پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا جو کہ درج ذیل ہیں:
  1. ڈیلیشیئس کا ٹیگ رول ہماری اسٹائل شیٹ کو ہائی جیک کرلیتا۔ جس کی وجہ سے مجھے سی ایس ایس میں کافی دیر تک تبدیلیاں کرنا پڑیں۔ میری سی ایس ایس کی محدود معلومات کی وجہ سے یہ کام اور بھی کٹھن ہوگیا۔
  2. اردو فونٹ نفیس ویب نسخ، اردو نسخ ایشیا ٹائپ میں ٹیکسٹ صحیح طرح رینڈر نہیں ہورہا تھا اسلئیے ہم ٹاہوما استعمال کر رہے ہیں۔
طریقہ کار:
  • ڈیلیشیئس پر جا کر اکاؤنٹ بنائیں۔
  • اپنے بلاگ کی کچھ پوسٹس کو ٹیگ کریں۔ اس کے لئیے آپ ڈیلیشیئس کے براؤسر بٹن بھی استعمال کرسکتے ہیں یا براہ راست ان کے فارم میں اپنی پوسٹ کا لنک دے کر بھی یہ کام کرسکتے ہیں۔
  • اب ڈیلیشیئس پر ہیلپ کے آپشن میں جاکر ٹیگ رول پر کلک کریں۔ اپنے ٹیگ رول کا نام منتخب کریں۔ اپنے بلاگ کے اسٹائل کے مطابق فونٹ کلر منتخب کریں۔ کلاؤڈ یا فہرست میں سے ایک کا انتخاب کریں۔ ہم اپنے بلاگ پر فہرست کا استعمال کر رہے ہیں۔
  • کوڈ کو کاپی کرکے اپنے بلاگ پر پوسٹ کریں۔ پیش منظر دیکھیں مطمئن ہونے پر محفوظ کرلیں اور اپنا بلاگ ری پبلش کریں۔
موضوع: ، ،

ضرورت مشورہ

Tuesday, November 29, 2005
posted by Noumaan

جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ہمارے بلاگ کے موضوعات میں کافی فرق ہے۔ ایک پوسٹ سائنس اور دو پوسٹس تاریخ اور پھر تاریخ کے مختلف ادوار۔ یہ سب الگ الگ موضوعات ہیں لیکن جس طرح ہم لکھ رہے ہیں ایسے یہ سب موضوعات ڈھونڈنا آگے جاکر مشکل ہوجائے گا۔ پڑھنے والوں کو یہ نہیں معلوم ہوسکے گا کہ ہم نے کسی ٹاپک پر کیا لکھا ہے تاوقتیکہ وہ ہمارے محفوظات نہ کھنگالیں یا اردو میں گوگل پر تلاش نہ کریں۔

ہم چاہتے ہیں کہ کوئی ایسا حل مل جائے جس کے تحت ہم اپنی پوسٹس کو ٹیگ لگا سکیں یا کیٹیگریز میں تقسیم کرسکیں۔ مگر مسئلہ یہ ہے کہ ٹیکنوراٹی کے ٹیگ بلاگوں میں امتیاز نہیں کرتے۔ میں چاہتا ہوں کہ کسی طرح بلاگر پر ہی کٹیگریز بنائی جائیں جو کہ سائیڈ بار میں نظر آسکیں اور یہ سب کچھ اردو میں ممکن ہوسکے۔ میں یہ بلاگ ورڈپریس کے فری ہوسٹ بلاگ سم پر شفٹ کرسکتا ہوں مگر مجھے بلاگ سم کی خدمات اتنی قابل بھروسہ محسوس نہیں ہوتیں جتنی کہ بلاگر کی۔

میرا زیادہ زور اس بات پر ہے کہ بلاگر میں ہی مسئلے کا حل تلاش کیا جائے۔ مسئلہ ٹیگز یا کیٹیگریز کا نہیں بلکہ مضامین کو ترتیب سے محفوظ اور پیش کرنے کا ہے۔ اگر ٹیگز یا کیٹیگریز کے علاوہ بھی کوئی مناسب حل آپ کی نظر میں ہو تو ضرور بتائیں۔

مایا فلکیات اور کلینڈر

Saturday, November 26, 2005
posted by Noumaan

مایا تہذیب کی فلکیات پر تحقیق:

مایا لوگ علم فلکیات میں خصوصی دلچسپی رکھتے تھے اور اس میدان میں انہوں نے قابل ذکر کام کیا۔ گرچہ ان کے بعض نظریات آج مضحکہ خیز معلوم ہوتے ہیں۔ لیکن اگر یہ بات ذہن میں رکھی جائے کہ ان تمام نظریات کی بنیاد وہ مشاہدات، تجربات اور شماریات ہیں جو مایا قوم نے انتہائی معمولی تکنیکی صلاحیت سے حاصل کئیے تو ان نظریات کی درستگی کافی حیرت انگیز معلوم ہوتی ہے۔

مایا لوگ یہ مانتے تھی کہ زمین چپٹی ہے اور اس کے چار کونے ہیں ہر کونے کو ایک رنگ سے ظاہر کیا جاتا ہے۔ مشرق لال، مغرب سیاہ، شمال سفید اور جنوب پیلا جبکہ مرکز ہرے رنگ سے ظاہر کیا جاتا تھا۔ ہر کونے پر ایک تیندوا (چیتے کی نسل کا ایک چھوٹا جانور جو اس علاقے میں پایا جاتا تھا) آسمان کو سہارا دئیے ہوئے تھا اور ان چیتوں کو باکاب کہا جاتا تھا۔ مایا لوگ یہ مانتے تھے کہ کائنات کی تیرہ پرتیں ہیں اور ہر پرت کا اپنا ایک الگ خدا ہے۔ ملکی وے کو مایا لوگ ایک اوپر اٹھتے ہوئے درخت کی مانند سمجھتے تھے۔

سیارہ زہرہ یا وینس کے مدار کے بارے میں ان کے اعداد و شمار حیرت انگیز حد تک درست ہیں۔ اس درستگی کا سبب انتہائی مشاقی کے ساتھ سالوں زہرہ کی نقل و حرکت اور اس کی پوزیشن اور سمت کی ریکارڈنگ اور مشاہدات ہیں۔ مایا لوگ زہرہ کو جنگوں کے خدا سے منسوب کرتے تھے اور شاہی حکام کو مملکت کے دفاعی منصوبوں اور جنگوں کے لئیے اس معلومات کی ضرورت ہوتی تھی۔ مایا ماہرین فلکیات زہرہ کے علاوہ مریخ، مشتری اور عطارو کا مشاہدہ بھی کرتے تھے۔

جس وقت پرانی دنیا میں ارمغان کے آرک بشپ اشر کائنات کی قدامت کی کلکولیشن چار ہزار سال قبل مسیح کر رہے تھے۔ اس وقت مایا لوگ یہ اندازہ لگا چکے تھے کی کائنات کم از کم نوے ملین سال پرانی ہے۔ فلک کے بارے میں ان کے پروہتوں نے بڑی عرق ریزی سے کام کیا اور انتہائی مہارت سے اجرام فلکی کے مشاہدات کئیے اور ان کی حرکات کے اعداد و شمار ریکارڈ کئیے۔ اس مہارت ہی کے نتیجے میں مایا کلینڈر وجود میں آیا۔

مایا کلینڈر:

مایا تہذیب کی سب سے زیادہ قابل ذکر ایجاد ان کا کلینڈر مانا جاتا ہے۔ مایا لوگ اپنے کلینڈر اور علم فلکیات کی مدد سے سورج اور چاند گرہن کی مکمل اور درست پیشنگوئی کرنے پر قادر تھے اس کے علاوہ وہ لوگ نظام شمسی کے دیگر سیاروں کا نہ صرف علم رکھتے تھے بلکہ ان کے مدار اور دائروں کو شمار کر کے ان کے طلوع ہونے اور نظر آنے کی پیشن گوئی بھی کرسکتے تھے۔

مایا لوگ ایک سے زیادہ قسم کے کلینڈر استعمال کرتے تھے۔ جن میں شمسی کلینڈر اور چاند کے کلینڈر شامل ہیں۔ جو شمسی کلینڈر ان کے پروہت استعمال کرتے تھے اس کی درستگی میں ایک دن کا دس ہزارویں حصے کا فرق ہے۔ یہ کیلکولیشن اس کلینڈر سے بھی زیادہ درست ہے جو آج ہم اپنے معیاری کلینڈر میں استعمال کرتے ہیں۔ مایا لوگوں کا ایک کلینڈر صرف سیارہ وینس کی پوزیشن کو ظاہر کرتا ہے اور ایک کلینڈر موسموں اور مذہبی رسومات کے دن بتانے کے لئیے ہے۔ یہ کلینڈر مایا قوم نے دیگر پری کولمبین قوموں اولمک اور ازٹک سے ادھار لئیے مگر انہیں نقطہ کمال پر پہنچادیا۔

مایا قوم کا شمسی کلینڈر ہاب کہلاتا تھا جس میں بیس بیس دن کے اٹھارہ مہینے ہوتے تھے۔ دن کو کین کہا جاتا تھا۔ (دیکھئیے تصویر نمبر ایک) اور سال کے آخر میں پانچ دن کا ایک مہینہ ہوتا تھا جسے واییب کہا جاتا تھا جس کا ترجمہ 'بےنام دن' ہوتا ہے۔ مایا لوگوں کے مہینوں کے نام موسموں یا ان کے مذہبی تہواروں کے حساب سے ہوتے تھے۔ جسے برسات کے ختم ہونے کا مہینہ سردی کا مہینہ خزاں کی آمد وغیرہ۔ مایا کلینڈر دنوں پر مشتمل ہوتا تھا اور تقریبا باون شمسی پھیروں یعنی باون سالوں بعد ایک نیا پھر شروع ہوتا تھا۔ یہ دن مایا لوگ بے چینی سے کاٹتے تھے کیونکہ انہیں ڈر ہوتا تھا کہ خدا انہیں ایک اور پھیرا عطا کریں گے یا نہیں۔ اس طریقے کے مطابق ان کے تاریخ کے حساب درست رکھنا مشکل تھا اسلئیے طویل تاریخوں کو گننے کے لئیے وہ چند اور کیلکولیشنز استعمال کرتے تھے۔

تصویر نمبر ایک: مایا مہینے کے بیس دن۔

مایا لوگوں کے مطابق دنیا پانچ عہدوں میں بٹی ہوئی ہے اور مایا لوگ چوتھے عہد میں جی رہے تھے۔ ان کے کلینڈر کے مطابق اس چوتھے عہد کو ہمارے آج کے کلینڈر کے حساب سے سن دو ہزار بارہ میں ختم ہوجانا ہے اور اس کے بعد دنیا کا آخری اور پانچواں عہد شروع ہوگا اور اس کے ختم ہونے پر نسل انسانی ختم ہوجائے گی۔

مایا تہذیب کا کلینڈر اور علم فلکیات اور کاسمولوجی کے بارے میں ان کی تحقیق اتنا دلچسپ موضوع ہے کہ اس پر جتنا لکھا جائے کم ہے۔ اگر آپ حضرات کو مزید جاننے کا شوق ہو تو مندرجہ ذیل روابط مددگار ثابت ہونگے۔

(نوٹ ذیل میں دئیے گئے تمام روابط انگریزی میں ہیں۔)

مایا شہر اور ذراعت

Friday, November 25, 2005
posted by Noumaan

مایا شہر

مایا تہذیب کے دوسرے کلاسیکی دور میں مایا قوم نے زبردست ترقی کی۔ اس دور میں انہوں نے شہر بسائے۔ ان میں سے بہت سے شہر بے حد گنجان آباد تھے۔ مثال کے طور پر ٹکل شہر صرف چھ اسکوائر میل پر پھیلا تھا اور اس میں دس ہزار کے لگ بھگ مندر، رہائشی یونٹ، اور اہرام تعمیر تھے۔ اس شہر کی آبادی ساٹھ ہزار کے لگ بھگ تھی۔ اس وقت پوری دنیا میں کسی شہر میں اتنی گنجان آبادی نہیں تھی۔




مایا قوم اپنے دوسرے کلاسیکی دور کے آغاز میں ایک موروثی بادشاہی نظام اپنا لیتی ہے۔ اس تہذیب کے لوگ یوٹکان کے علاقے میں کئی ریاستیں قائم کرتے ہیں۔ ہر ریاست کا ایک بادشاہ ہوتا تھا۔ اور بادشاہ کی رہائش ریاست کے مرکزی شہر میں ہوتی تھی۔ ریاست کے چہار طرف دیہی آبادی بستی تھی جو کہ ماہر کاشتکار تھے ان کی ذرعی مہارت پر آگے بات ہوگی۔ بڑے ذرعی یا دیہی علاقوں کے بیچ میں شہری آبادیاں ہوتی تھیں۔ شہر کو عموما ڈھلوانوں کی ایک سیریز میں بنایا جاتا تھا۔ جس کی وجہ یہ تھی کہ یہ پورا علاقہ برساتی جنگلات پر مشتمل تھا اور اگر ایسا نہ کیا جاتا تو شہری آبادیاں سیوریج کے مسئلے سے بالکل مفلوج ہوجاتیں۔ بلند مقامات پر اہم عمارتیں مثلا مندر، اہرام، بال گیم کھیلنے کے میدان، شاہی رہائش گاہیں اور اجرام فلکی کا مطالعہ کرنے کے لئیے مشاہدہ گاہیں تعمیر کی جاتی تھیں۔ اس کے بعد رہاشی یونٹ ہوتے تھے جو شہر کے آخری سرے تک جاتے تھے جہاں سے آگے پھر ذرعی علاقہ شروع ہوتا تھا۔



شہر میں تعمیرات کے لئیے کوئی خاص منصوبہ بندی نہ ہوتی تھی۔ سوائے ڈھلوان کے باقی تعمیرات میں گرڈ سسٹم کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا تھا جس سے یہ پتہ چلتا ہے کہ ان شہروں کی گزرگاہیں پرپیچ رہی ہوں گی خصوصا ٹکل جیسے بڑوں شہروں میں۔ شہروں کی کوئی باقاعدہ حدبندی نہ ہوتی تھی اور سوائے چند ایک آثار کے تقریبا تمام شہروں کے گرد کوئی فصیل یا قلعہ نہیں ہوتا تھا۔ یہ لوگ عمارتیں بنانے کے لئیے چونا اور چونے کے پتھروں کا استعمال کرتے تھے۔ انہوں نے چونے سے سیمنٹ جیسا ایک میٹریل تیار کیا تھا جو بڑی تعمیرات میں استعمال ہوتا تھا۔ ان تعمیرات میں حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ان کی تعمیر میں کسی قسم کے دھاتی اوزار کا استعمال نہیں ہوا۔ ان تعمیرات کے لئیے بہت زیادہ افرادی قوت کی ضرورت تھی جو ان شہروں میں وافر مقدار میں پائی جاتی تھی۔ ان عمارتوں کی تعمیر ڈیکوریشن، آرائش اور آرٹ کا بہت خیال رکھا جاتا تھا۔ دیواروں پر پینٹینگز بنائی جاتی تھیں انہیں رنگ کیا جاتا تھا۔



ذراعت:

خوراک کے لئیے مایا تہذیب کا انحصار ذراعت پر تھا۔ یہ لوگ ماہر کاشتکار تھے۔ ان لوگوں نے کاشتکاری کے لئیے زیادہ تر جو تکنیک اپنائی اسے سلیش اینڈ برن کہا جاتا ہے۔ اس طریقے میں جنگل کا ایک رقبہ کاشتکاری کے لئیے درختوں سے صاف کردیا جاتا تھا۔ اس کے چند ہفتوں بعد وہاں موجود جنگی پھلوں کو جلادیا جاتا تھا جس سے زمین کی زرخیزی میں اضافہ ہوتا تھا۔ بعدازاں اس جگہ پر کاشتکاری کی جاتی تھی۔ تاہم یہ طریقہ ذراعت ہی ان کے لئیے خوراک کا اہم ذریعہ نہیں تھا۔ جہاں مناسب زمین ملی وہاں مایا قوم نے مستقل بنیادوں پر کاشتکاری بھی کی اور کئی مقامات پر بڑے رقبوں کو مستقل کاشتکاری کے لئیے تیار کیا گیا۔ اس کے علاوہ گھنے جنگلوں میں انہوں نے بڑے رقبوں پر پھلوں کے باغات تیار کئیے۔ دیگر کئی طرح کی کاشتکاری کے شواہد بھی ملے ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ لوگ مکئی، سورج مکھی کے بیج، کاٹن وغیرہ کی فصلیں تیار کرتے تھے۔ کلاسیکی دور میں مایا لوگ ذراعت کے لئیے مختلف علاقوں میں وہاں کے موسم، آپ و ہوا اور اپنی آبادی کے لحاظ سے کاشتکاری کرتے تھے۔ لیکن پھر بھی ماہرین اس بارے میں سوچ رہے ہیں کہ ہوسکتا ہے خوراک کی قلت کے سبب مایا تہذیب کو اپنے عظیم الشان شہر چھوڑ کر جانا پڑا ہو؟

علم فلکیات، ریاضی اور کاسمولوجی کے بارے میں مایا قوم کی تحقیق، اور مایا کلینڈر ہماری اگلی پوسٹ کا موضوع ہوگا۔

مایا تہذیب

Thursday, November 24, 2005
posted by Noumaan

مایا تہذیب ایک قدیم میسوامیریکن تہذیب ہے جو شمال وسطی امریکہ میں پھیلی ہوئی تھی۔ اس علاقے میں آجکل میکسیکو، ہنڈارس، بیلیز اور گوئٹے مالا کی ریاستیں موجود ہیں۔ (تصویر نمبر ایک)

مایا تہذیب کے جو آثار ملے ہیں، یا ایسے آثار جنہیں مایا تہذیب سے موسوم کیا جاتا ہے وہ ایک ہزار قبل مسیح تک پائے گئے ہیں۔ جیسا کہ ہم پچھلی پوسٹ میں ذکر کرچکے ہیں کہ امریکا میں انسان بہت پہلے آچکا تھا۔ میسوامیریکن علاقے میں قدیم ترین انسانی موجودگی کے شواہد دس ہزار سال قبل مسیح تک اشارہ کرتے ہیں۔ لیکن مایا تہذیب کا آغاز ایک ہزار سال قبل مسیح کے آس پاس ہوا۔ زیادہ مضبوط شواہد چھ سو قبل مسیح کو مایا تہذیب کے عروج کا نقطہ آغاز بتاتے ہیں۔ اس دور میں ابتدائی مایا تعمیرات کے آثار ملے ہیں۔ لیکن یقینا مایا تہذیب اس سے بہت پہلے شروع ہوئی اور ان کے معاشرتی تمدن کی رفتار خاصی تیز رہی اور چار سو سال میں انہوں نے قابل ذکر ترقی کی۔

مایا تہذیب کا دوسرا دور دو سو پچاس عیسویں سے نو سو عیسویں تک پھیلا ہوا ہے۔ جس دوران انہوں نے بڑے علاقوں میں شہری تعمیرات کی۔ اسی دور میں انہوں نے یادگاری تحریریں چھوڑیں اور اسی دور میں انہوں نے اپنی تہذیب اور تمدن کو باقاعدہ ریکارڈ کیا۔ لیکن پھر اچانک وہ سب کچھ یوں ہی چھوڑ کر کہیں چلے گئے۔ کہاں اس بارے میں تو کچھ کہا جاسکتا ہے مگر کیوں؟ اس بارے میں ابھی بھی بحث جاری ہے۔ مایا قوم کا ترقیاتی سفر اس دور کے بعد بھی جاری رہا اور ان کی تعمیرات اور تمدنی اثرات پورے یوٹکاں پر پھیلے ہوئے ہیں۔ ان کی تہذیبی اور ثقافتی برتری نے اردگرد کی دیگر میسوامیریکن اقوام کو بھی متاثر کیا۔ لیکن ان اثرات کے پھیلنے کی وجہ تجارت اور کلچر رہی ہیں مایا قوم نے دیگر اقوام کو بزور طاقت فتح کرنے کی کوئی قابل ذکر سعی نہیں کی۔

یہ سلسلہ یونہی چلتا رہا حتی کہ ہسپانوی نوآبادکار ان علاقوں میں پہنچی اور مایا تہذیب کو بزور طاقت زوال پذیر ہونے پر مجبور کیا گیا۔ مایا اقوام کے صحائف ڈھونڈ ڈھونڈ کر جلائے گئے، ان کی تعمیرات کو نقصان پہنچایا گیا اور ان کی زبان اور مذہبی رسومات کو شیطانی قرار دے دیا گیا۔

مایا تہذیب زوال پذیر ہوئی مگر مایا لوگ آج بھی میسو امریکن علاقوں میں موجود ہیں۔ ان میں سے بہت سارے لوگ ابھی بھی مایا مذہب کی بہت سی رسومات پر عمل کرتے ہیں گرچہ ان میں سے زیادہ تر لوگ رومن کیتھولک مذہب اختیار کرچکے ہیں۔ آج بھی ایسے مایا لوگ موجود ہیں جو کوئی نہ کوئی مایا زبان بولتے ہیں۔

مایا تہذیب علاقے کی دیگر اقوام سے یوں ممتاز تھی کہ انہوں نے بہت پہلے لکھنا سیکھ لیا تھا۔ ان کا اپنا طرز تحریر تھا۔ اس کے علاوہ ریاضی میں بھی ان کی ترقی حیرت انگیز تھی نہ صرف یہ کہ انہوں نے نمبروں کو لکھنا سیکھ لیا تھا بلکہ یہ صفر کے استعمال سے بھی واقف تھے (دیکھئیے تصویر نمبر دو)۔ فلکیات، طبیعیات، جراحت اور ذراعت میں ان کی ترقی حیران کن اسلئیے بھی تھی کیونکہ ان کا پرانی دنیا سے کوئی تعلق نہیں تھا جہاں ان میدانوں میں اسی دور میں کام جاری تھا۔

میری اگلی پوسٹ میں مایا تہذیب کی آرٹ، آرکیٹیکچر، ذراعت اور فلکیات کے میدانوں میں کوششوں کا ایک مختصر جائزہ پیش کیا جائے گا۔ ہم ان قیاس آرائیوں پر بھی بات کریں گے جو اس بات پر بحث کرتی ہیں کہ مایا قوم اپنے بسے بسائے شہر چھوڑ کر اچانک کیوں چلے گئے۔

تصویر نمبر ایک:


تصویر نمبر دو:


مزید معلومات کے لئیے ویکیپیڈیا پر مایا ذرائع دیکھیں خصوصا بیرونی لنکس پر کلک کریں وہاں بہت ساری تصاویر بھی ہیں جن مایا تہذیب کے بنائے ہوئے مندر اور اہراموں کی تصاویر بھی ہیں۔

امریکاز میں انسانوں کی آمد

Wednesday, November 23, 2005
posted by Noumaan

محققیں اس بات پر متفق ہیں کہ امریکی براعظموں میں انسانوں کی آبادی موجود نہیں تھی حتی کہ کوئی چالیس سے بیس ہزار سال قبل مسیح میں انسان یہاں پہنچا۔ مگر کیسے؟ اس بارے میں سب سے مستند نظریہ بیرنگ برج کا ہے۔ اس نظرئیے کے مطابق قریبا چالیس ہزار سال قبل مسیح کے دوران زمین کا آخری برفانی دور آیا۔ جس کے نتیجے میں گرین لینڈ اور انٹارٹیکا کے درمیان برف کی نئی اور کئی گنا دبیز سطحیں ابھریں۔ اس برفانی دور کے نتیجے میں الاسکا سے سائیبیریا تک سطح سمندر اتنی گر گئی کہ سمندر چند مقامات سے بالکل خشک ہوگیا اور ایشیا کے انتہائی شمال مشرقی علاقوں سے امریکا تک ایک زمینی راستہ بن گیا جسے بیرینگیا یا بیرنگ برج کہا جاتا ہے اور اسی راستے سے اگلے دس تا بیس ہزار سال تک وقفے وقفے سے انسانی آبادیاں امریکہ کی طرف ہجرت کرتی رہیں۔ یہ زمینی راستہ آخری وسکونسن گلیشیئیشن کے نتیجے میں بند ہوگیا۔
بیرنگ برج کا نقشہامریکہ میں انسانوں کی ہجرت شمالی امریکہ میں ہی رہی اور عام خیال یہی ہے کہ ہجرت کرکے شمالی علاقوں میں آنے والوں نے بہتر چراہگاہوں اور شکار کی تلاش میں جنوب کا رخ کیا اور یوں شمالی امریکا سے جنوبی امریکا تک انسانی آبادی پھیل گئی۔ جس دوران اور جن علاقوں سے ان لوگوں نے ہجرت کی تھی وہاں بھی ان کا زیادہ تر دارومدار خوراک کی تلاش اور بقاء کی جنگ جیتنے پر ہی تھا اور الاسکا کے برفانی علاقے ان کے ماحول سے زیادہ مختلف بھی نہیں تھے۔ ایک عرصے بعد ان لوگوں کا تعلق پرانی دنیا سے بالکل منقطع ہوگیا اور تہذیبی لحاظ سے یہ لوگ باقی دنیا سے بالکل کٹ گئے۔ مگر جیسے جیسے یہ جنوب کی سمت پھیلے ویسے ویسے شکار کے ساتھ ساتھ تہذیب نے بھی ترقی کی۔ قبیلے بنے، آبادیاں بسائی گئیں اور جنگیں لڑی گئیں۔ یہاں تک کے ہسپانوی نوآبادکاروں نے امریکا کو فتح کرنے کی مہم شروع کی جس کے دوران کئی ایسے تاریخی ثبوت جلادئیے گئے جو قدیم امریکی تہذیبوں پر مزید روشنی ڈال سکتے تھے۔

ملاحظہ فرمائیے:
ویکیپیڈیا پر امریکاز کی تاریخ۔
بیرنگ برج۔
برفانی دور۔

آئندہ پوسٹس میں ہم امریکاز میں کولمبین دور سے پہلے بسنے والی قوموں کا ذکر کریں گے۔

ما بعد تعارف

Saturday, November 19, 2005
posted by Noumaan

چند جملے میری جانب سے۔ عازب آپکو بتا چکا ہے کہ اس بلاگ کو موضوع کیا ہے۔ عازب اور مجھے دونوں کو قدیم تہذیبوں کی تاریخ اور سائنس میں دلچسپی ہے۔ ہماری یہ بالکل کوشش نہیں ہوگی کہ ہم اپنے آپکو عالم فاضل ظاہر کرنے کی کوشش کریں بلکہ ہماری کوشش یہ ہوگی کہ اس بلاگ کے ذریعے ہم ایسے لوگوں سے بات چیت کرسکیں جو ان موضوعات میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ عازب کا آئیڈیا یہ ہے کہ ہم قاضی جاوید کی کتاب کے موضوعات اپنے الفاظ میں بیان کریں کیونکہ انٹرنیٹ تک رسائی ہونے کے بعد ہمیں پتہ چلا کہ کئی مقامات پر قاضی صاحب صحیح معلومات فراہم نہیں کرسکے اور چند ایک جگہ سائنس پر ان کا ذاتی تعصب غالب آگیا۔ جہاں وہ صحیح معلومات پیش نہیں کرسکے اس میں ان کی کوئی غلطی نہیں کیونکہ پاکستان میں رہتے ہوئے بغیر انٹرنیٹ کے صحیح معلومات کا حصول بہت مشکل ہے۔

میرا آئیڈیا یہ ہے کہ ہم اپنے طور پر اس بلاگ کو مرتب کریں اور ایسے موضوعات بھی ڈسکس کریں جو قاضی صاحب نے ڈسکس نہیں کئیے ہیں۔ اس بات پر اتفاق ہوچکا ہے کہ ہم اس بلاگ کا باقاعدہ آغاز بگ بینگ یعنی کائنات کے آغاز سے کریں گے۔ لیکن میں یہ چاہتا ہوں کہ عازب زیادہ سے زیادہ لکھے اسلئیے ہوسکتا ہے ہمیں یہ پوسٹ لکھنے میں کچھ وقت لگ جائے۔ امید ہے کہ جس طرح آپ نے میرے بیہودہ بلاگ کو پذیرائی بخشی اسی طرح اس بلاگ پر بھی نوازش فرمائیں گے۔